عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان یرغمالیوں اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ کے علاقے دیرالبلاح پہنچ گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فلسطینی قیدی اسرائیلی جیلوں سے بسوں میں سوار ہو کر روانہ ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 7 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا ہے، رہائی پانے والے اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے سپرد کر دیا گیا ہے، حماس نے بھی 7 اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے سپرد کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جانا ہے، 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 1700 سے زائد فلسطینی قیدی رہا کیے جائیں گے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل سے رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کو جنوبی غزہ کے النصراسپتال میں لایا جائے گا، 1716 فلسطینی قیدی النصر اسپتال پہنچائے جائیں گے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ نے 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست جاری کر دی ہے جبکہ خان یونس میں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں اور عوام کی بڑی تعداد اسرائیل کی قید سے رہائی پانے والے قیدیوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے جمع ہو گئی ہے۔
دوسری جانب مصر کے شہر شرم الشیخ میں آج غزہ امن معاہدے پر دستخط کی باقاعدہ تقریب منعقد کی جائے گی، امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمت اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے مصر جا رہے ہیں۔