تازہ ترین

وزیر اعظم نے کسانوں کیلئے کسان پورٹل کا اجراء کردیا

وزیر-اعظم-نے-کسانوں-کیلئے-کسان-پورٹل-کا-اجراء-کردیا

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے آج (جمعہ) کسانوں کے لئے پاکستان سٹیزن پورٹل کے تحت کسان پورٹل کا اجراء کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقہ پورا سال محنت کرتا ہے، محنت کش طبقے کی مدد سے اللّٰہ تعالیٰ خوش ہوتے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کمزور اور محنت کش طبقے کی دعا خاص طور پر سنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 90 فیصد کسان چھوٹا کسان ہے، مشکلات کا سامنا بھی کرتا ہے اور اس کی آواز بھی نہیں سنی جاتی، اگر دیہات میں کوئی سخت تھانیدار آ جائے تو سب سے ذیادہ کسان پستا ہے ، چھوٹے کسان کی مدد ہمارا وژن ہے، ہم نے انصاف کے لیے آواز اٹھائی، ہمارے ملک میں اکثریت چھوٹے کسانوں کی ہے، کسانوں اور مزدوروں کو اوپر لانا ہماری حکومت کا عزم ہے، کسان کو خوش حال کرنے سے ملک خوش حال ہوتا ہے، چھوٹے کسان کی مسلسل مدد کرنا میرا عزم ہے۔ وزیر اعظم نے کہا  کہ 50 سال کے بعد ملک میں اب بڑے ڈیمز بن رہے ہیں، جن کی وجہ سے بہت جلد ملک میں پانی کا اضافہ ہو گا، کوہِ سلیمان سے آنے والا پانی کا ریلہ زیادہ تباہی مچاتا ہے، سیلابی ریلے روک کر پانی استعمال میں لا سکتے ہیں، دریاؤں میں پانی برسات اور گلیشیئر پگھلنے سے آتا ہے، پانی اسٹور کریں گے تو کسان کو پانی دے سکیں گے۔  انہوں نے کہا کہ چھوٹا آدمی انصاف کی تلاش میں رہتا ہے، چھوٹا کسان باہر پیسہ لے کر نہیں جائے گا، لندن میں فلیٹ نہیں لے گا، بڑا آدمی انصاف نہیں این آر او چاہتا ہے، چھوٹا کسان قرضہ لینے جاتا ہے تو اسے بہت سود دینا پڑتا ہے، چھوٹا کسان سب سے زیادہ محنت کرتا ہے اور مشکلات کا سامنا بھی کرتا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ کسان شوگر ملوں کے باہر لائن میں کھڑے رہتے تھے، کسانوں کو گنے کی کم قیمت ملتی تھی، میں نے سوچا تھا کہ جب میری باری آئے گی تو کسان کو پورا پیسہ دلاؤں گا، ہم نے تحقیق پر کم پیسہ خرچ کیا۔  ان کاکہنا تھا کہ کسان کارڈ سے چھوٹے کسانوں کے پاس براہِ راست پیسہ آئے گا، کاشت کاری کے لیے ہمارے پاس وافر زمین موجود ہے، ایک بیماری آتی ہے، پورا خاندان مقروض ہو جاتا ہے، اب ہر خاندان ہیلتھ کارڈ پر 10 لاکھ روپے تک علاج کرا سکتا ہے۔ امپورٹ کا بل 1 سال میں 53 فیصد بڑھ گیا ہے، روپے پر دباؤ عارضی ہے، ہم نے گندم، چینی اور گھی امپورٹ کیا ہے، باہر سے اشیاء منگوانے سے مہنگائی امپورٹ ہوتی ہے۔  وزیراعظم نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں کہ تمام چیزیں ملک میں بنائیں ، جس طرح آبادی بڑھ رہی ہے اسی طرح پیداوار میں بھی اضافہ کرنا  ہے ۔  پورٹل کا مقصد چھوٹے کسان کو آواز دینا ہے، چھوٹے کسانوں کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کی چوری ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم کے زرعی شعبے کی ترقی کے اہداف کے مطابق کسان پورٹل اب کسانوں کو معاونت فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔کسان پورٹل کے تحت وفاق اور صوبوں کی سطح پر متعلقہ محکموں میں 123 ڈیش بورڈز قائم کئے گئے ہیں۔اس سے پہلے کسانوں کے مسائل، حل کے لئے متعلقہ حلقوں تک نہیں پہنچ رہے تھے کیونکہ سٹیزن پورٹل میں ایسی کوئی الگ کیٹیگری دستیاب نہیں تھی۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں