وزیرِ اعظم شہباز شریف کا دہشت گردی ناکام بنانے والے شہید شہری کو خراجِ تحسین
شائع شدہ تاریخ 12 مئی, 2026
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ایک ذمے دار شہری کی حیثیت سے لیاقت نے دہشت گرد کو روک کر اس کی شناخت پوچھی، شناخت پوچھنے پر دہشت گرد نے خود کو اڑا دیا اور لیاقت نے خود بھی شہادت کا رتبہ پا لیا، شہید لیاقت کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہید لیاقت کی بروقت بہادری نے بڑے جانی نقصان کو روک دیا اور غیر معمولی جرأت، فرض شناسی اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ایسے بہادر اور نڈر شہری دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی حقیقی علامت ہیں، شہید لیاقت کی قربانی قوم کے ہر فرد کے لیے مشعلِ راہ ہے، قوم ان کی قربانی کبھی نہیں بھولے گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ شہید لیاقت جیسے بہادر شہری ہماری قوم کا اثاثہ ہیں، دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے بہادر عوام نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے، آئندہ بھی قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دی جائے گی۔