میر رضا علی کی پراسرار موت، تفتیش جاری
شائع شدہ تاریخ 04 اگست, 2026
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں نوجوان تاجر میر رضا علی کی لاش ملنے کے واقعے کا معمہ 5 روز گزرنے کے باوجود حل نہ ہوسکا۔
اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز کو ایک اور نئی سی سی ٹی وی فوٹیج موصول ہوئی ہے، جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
نئی فوٹیج میں میر رضا علی کو جیب سے ایک روشن چیز نکال کر پھینکتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ چیز ان کا موبائل فون معلوم ہوتی ہے۔
حکام نے بتایا کہ جس شہری کو میر رضا کا فون ملا، اس نے پولیس کو اس جگہ کی نشاندہی کر دی ہے، شہری کا کہنا ہے کہ فون اسی مقام سے ملا جہاں سی سی ٹی وی میں چیز پھینکی گئی تھی۔
اس سے قبل ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں میر رضا کو آن لائن ٹیکسی میں بیٹھتے دیکھا جا سکتا تھا، تفتیشی ذرائع کے مطابق گاڑی میں بیٹھتے وقت ان کی کمر پر پستول لگا ہوا تھا۔
پولیس تفتیشی ٹیم نے میر رضا کے گھر کے بعد موقع واردات ا دوبارہ دورہ کیا ہے تاکہ مختلف شواہد کو باہم جوڑا جا سکے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کیس میں تکنیکی معاونت کے لیے سی پی ایل سی کے اسسٹنٹ چیف سی آر سی کاشف افتخار کو تفتیشی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام نئی فوٹیجز کا جیو فینسنگ، فرانزک اور تکنیکی جائزہ لیا جا رہا ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ میر رضا علی نے آخری بار کس سے رابطہ یا بات چیت کی تھی۔