ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، ہر ماہ تنخواہ مقررہ تاریخ تک ملے گی

شائع شدہ تاریخ 20 اگست, 2026
ملازمین-کیلئے-بڑی-خوشخبری،-ہر-ماہ-تنخواہ-مقررہ-تاریخ-تک-ملے-گی

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کو ہر ماہ 5 تاریخ سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دے دیا، جبکہ بروقت ادائیگی نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ستھرا پنجاب کی 151 کمپنیوں میں سے 149 کمپنیوں کے ورکرز کو ادائیگیاں مکمل کر دی گئی ہیں۔

مریم نواز نے روجھان اور چوبارہ میں ورکرز کو ادائیگی نہ کرنے پر متعلقہ کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صفائی آپریشن میں کوتاہی اور مبینہ گھپلوں پر سخت ترین قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب آپریشنز میں کرپشن اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دفتروں میں بیٹھ کر تنخواہیں لینے والے افراد گوارا نہیں، سب کو عملی طور پر کام کرنا ہوگا۔

مریم نواز نے ایم ڈی واسا کو روزانہ کم از کم دو گھنٹے فیلڈ میں گزارنے جبکہ ٹی ایم اوز اور ایف ایم اوز کو روزانہ کم از کم 5 یونین کونسلز کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ اسکواڈ فعال کرنے کا بھی حکم دیا، ای بائیکس پر سوار اسکواڈز سڑکوں، گلی محلوں اور بازاروں میں صفائی اور کچرے کی نگرانی کریں گے تاہم ستھرا پنجاب ورکرز کے لیے مری کی طرز پر گاربیج بیگ ساتھ رکھنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔