لوگوں کی مجبوری کو پبلسٹی اسٹنٹ نہ بنائیں، فیصل قریشی
شائع شدہ تاریخ 02 اپریل, 2020
اداکارہ صنم جنگ کے بعد ٹیلی ویژن کے کامیاب اداکار فیصل قریشی نے بھی لوگوں سے درخواست کردی کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہوئے ان کی مجبوری کو پبلسٹی اسٹنٹ نہ بنائیں۔ اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’خدارا امداد کرتے وقت پکچر یا ویڈیو نہ بنائیں، کچھ ایسے لوگ ہیں جو مجبوری کی وجہ سے یہ امداد حاصل کررہے ہیں، لوگوں کی مجبوری کو پبلسی اسٹنٹ نہ بنائیں، یہ وقت بڑی ظالم چیز ہے‘۔ فیصل قریشی کی اس ٹوئٹ پر حامی بھرتے ہوئے کرکٹر محمد عامر نے بھی جواب میں ٹوئٹ کی انہوں نے لکھا کہ ’سچی بات، اللہ کرے اب ان کو سمجھ بھی آجائے اس پیغام کی‘۔ گلوکار امانت علی نے بھی اس حوالے سے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی۔انہوں نے لکھا کہ ’ایک بات کی سمجھ نہیں آتی، جب نامور شخصیات کچھ عطیہ کرتے ہیں، یا غریبوں کے لیے کچھ کرتے ہیں تو یہ سب ہمیشہ کیمرا کے سامنے کیوں ہوتا ہے؟‘گلوکار کے مطابق ’امام علی کا فرمان ہے کہ کسی کو خیرات دیتے ہوئے اس کی آنکھوں میں بھی مت دیکھو، لیکن یہاں تو پوری دنیا کو دکھایا جاتا ہے‘۔ان کی پوسٹ پر گلوکارہ نتاشا بیگ نے کمنٹ کیا کہ ’دوسروں کے بارے میں تو میں نہیں جانتی لیکن نامور شخصیات کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسا کریں تاکہ ان کو فالو کرنے والے افراد ان سے متاثر ہوں اور وہ بھی اچھے کام کرنے کا ارادہ کریں‘۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے کورونا وائرس ریلیف فنڈ میں عطیات کی وصولی گزشتہ روز سے شروع ہوگئی تھی اور عمران خان نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں۔واضح رہے کہ اس فنڈ کے قیام کا مقصد ان لوگوں کی مدد کرنا ہے جو کورونا وائرس کے باعث لگنے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ اب تک شوبز سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات اس فنڈز میں عطیات جمع کروا چکی ہیں، ان میں اداکارہ ہمایوں سعید، ماہرہ خان اور علی ظفر جیسی شخصیات شامل ہیں۔