سرفراز احمد سے عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو کا سوال، ہیڈ کوچ نے جواب دے دیا

شائع شدہ تاریخ 29 اگست, 2026
سرفراز-احمد-سے-عمران-خان-کے-بیٹوں-کے-انٹرویو-کا-سوال،-ہیڈ-کوچ-نے-جواب-دے-دیا

لندن کے لارڈز میدان میں پاکستان اور انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلش براڈ کاسٹر نے کھانے کے وقفے پر سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں کا انٹر ویو نشرکیا تھا۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے صاحبزادوں قاسم اور سلمان کا انٹرویو سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کیا۔

جس پر کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پی سی بی نے ناراضگی کا اظہار کیا اور کھانے کے وقفے کے بعد ٹیم کو میدان میں اتارنے سے متعلق ہچکچاہٹ دکھائی۔

اس سے متعلق لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن پریس کانفرنس میں جب پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد سے سوال ہوا،تو انہوں نے کہا کہ ' اس سے متعلق ہمیں کچھ علم نہیں  پی سی بی نے اس متعلق انگلش بورڈ سے شکایت کی ہے یا نہیں'۔

 سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم ،میرے علم میں ایسا کچھ نہیں ہے۔

جب ہیڈ کوچ سے سوال ہوا کہ کھانے کے وقفے کے بعد انٹرویو کی وجہ سے ٹیم نے میدان میں نہ آنے سے متعلق سوچا، تو سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا، ہم تو معمول کے مطابق کھانے کے وقفے کے بعد فیلڈ میں آنے کی تیاری کر رہے تھے، ہمیں انٹرویو کے بارے میں کچھ نہیں پتا۔