خطے کی ترقی کا نیا باب — وزیراعظم کا سی پیک سے مل کر فائدہ اٹھانے کا مشورہ
شائع شدہ تاریخ 25 اکتوبر, 2025
ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک خطے میں تبدیلی کا باعث بن رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر کو چین کے صوبے شنگیانگ سے ملانے سے ترقی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھل رہی ہیں، یہ تعاون نہ صرف تمام فریقین کو فائدہ پہنچائے گا بلکہ امن اور ترقی کی مشترکہ کوششوں کو بھی تقویت دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اور تجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا، اس دور میں روابط صرف سڑک، ریل یا فضائی راستوں تک محدود نہیں، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر میں سرمایہ کاری بھی اہم ہے، ہم اس میدان میں سرمایہ کاری کررہے ہیں تاکہ پاکستان چوتھے صنعتی انقلاب سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔