تاریخی استقبال، ناروے کی ٹیم وطن واپسی پر عوام کی توجہ کا مرکز
شائع شدہ تاریخ 14 جولائی, 2026
فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں اضافی وقت میں 1-2 کی شکست کے باوجود ناروے کی قومی فٹبال ٹیم کا دارالحکومت اوسلو میں شاندار استقبال کیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تقریباً ایک لاکھ سے زائد مداح سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی ٹیم کو ہیروز کا درجہ دیتے ہوئے تاریخی جشن منایا۔
رائل پیلس کے باہر صبح ہی سے ہزاروں افراد جمع ہونا شروع ہوگئے تھے جبکہ ٹیم کی آمد پر روایتی واٹر کینن سلامی بھی دی گئی۔
کھلاڑیوں نے پہلے شاہ ہیرالڈ سے ملاقات کی جس کے بعد وہ عوام سے ملنے کے لیے محل کی سیڑھیوں پر آئے۔ اس موقع پر مداحوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ تقریب کے آخری مرحلے میں شریک نہ ہوسکے کیونکہ پرواز میں تاخیر کے باعث انہیں جلد روانہ ہونا پڑا۔
کوچ اسٹالے سولباکن نے بتایا کہ ہالینڈ اور سینڈر برگے کو اپنی فلائٹ پکڑنے کے لیے تقریب ادھوری چھوڑنی پڑی۔
بعد ازاں کھلاڑی اوپن ٹاپ بس میں شہر کا چکر لگانے نکلے تاہم غیرمعمولی ہجوم کے باعث کئی مقامات پر بس کی رفتار رک گئی اور ایک جگہ اسے پیچھے بھی ہٹانا پڑا۔
سٹی ہال اسکوائر پہنچنے پر بھی ہزاروں شائقین اپنی ٹیم کے استقبال کے لیے موجود تھے۔
کپتان مارٹن اوڈیگارڈ نے مداحوں کی محبت کو ناقابلِ یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا سے لے کر ناروے تک ملنے والی حمایت ان کی تمام توقعات سے بڑھ کر رہی۔