ایران نے شکست تسلیم نہ کی تو شدید حملہ کریں گے، امریکا کی وارننگ

شائع شدہ تاریخ 26 مارچ, 2026
ایران-نے-شکست-تسلیم-نہ-کی-تو-شدید-حملہ-کریں-گے،-امریکا-کی-وارننگ

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دھمکی نہیں دیتے بلکہ اپنے مؤقف پر عمل کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ ایران میں ایسی شخصیات کو اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں جو امریکا سے دشمنی نہ کریں، انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔ ایران کی قیادت ایسی نہیں ہونی چاہیے جو امریکا کو موت کی دھمکیاں دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران موجودہ صورتحال کی حقیقت کو تسلیم نہیں کرتا اور اپنی فوجی شکست کو نہیں مانتا تو صدر ٹرمپ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایران پر اس سے بھی زیادہ سخت حملے کیے جائیں گے جتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے۔

اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ ایران میں مذاکرات کس شخصیت سے ہو رہے ہیں؟ جس کے جواب میں کیرولائن نے کہا کہ اس قسم کی معلومات حساس ہیں ابھی اس پر بات نہیں کی جاسکتی، میڈیا کو بھی ایران سے مذاکرات پر مفروضوں پر مبنی خبروں سے گریز کرنا چاہیے۔