راولپنڈی میں شدید بارش، ایمرجنسی نافذ، پاک فوج طلب کرلی گئی

شائع شدہ تاریخ 01 ستمبر, 2026
راولپنڈی-میں-شدید-بارش،-ایمرجنسی-نافذ،-پاک-فوج-طلب-کرلی-گئی

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات بھر جاری رہنے والی طوفانی بارش سے ہر طرف جل تھل ایک ہو گیا اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

جس کے بعد صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کو طلب کر لیا گیا، مختلف علاقوں میں پاک فوج کے دستے امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچ گئے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں معاونت کررہے ہیں۔

دوسری جانب واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اپنی ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔

واسا کے مطابق لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ اور صادق آباد سمیت حساس نشیبی علاقوں میں عملہ اور بھاری مشینری تعینات کردی گئی ہے۔

شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے، کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 21 فٹ تک پہنچ گیا۔

پانی کی سطح میں اضافے کے بعد وارننگ سائرن بھی بجائے گئے اور نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔

واسا حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی بارش میں شمس آباد میں سب سے زیادہ 195 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ نیو کٹاریاں میں 180 ملی میٹر اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر بارش ہوئی۔