چلتی ٹرین کے ساتھ مسافر کے گھسٹنے کی لرزہ خیز ویڈیو

شائع شدہ تاریخ 14 ستمبر, 2026
چلتی-ٹرین-کے-ساتھ-مسافر-کے-گھسٹنے-کی-لرزہ-خیز-ویڈیو

سوشل میڈیا پر چلتی ٹرین کے ساتھ مسافر کے گھسٹنے کی ایک انتہائی ہولناک سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مسافر کا پیر ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان پھنس گیا اور ٹرین اسے گھسیٹتی ہوئی دور تک لے گئی۔

یہ دل دہلا دینے والا واقعہ بھارت کے آگرہ کینٹ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جس کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مسافر نے پلیٹ فارم نمبر 5 پر چلتی ہوئی ٹرین میں جلدی سوار ہونے کی کوشش کی، اس دوران اس کا جسمانی توازن بگڑ گیا اور ایک پیر ٹرین اور دوسرا پلیٹ فارم کے درمیان تنگ جگہ میں پھنس گیا۔

ریلوے اسٹیشن پر تعینات پولیس اہلکاروں اور وہاں موجود مسافروں نے دیکھتے ہی اپنی جان خطرے میں ڈال کر فوری طور پر اسے کھینچا اور معجزانہ طور پر ٹرین کے نیچے آنے سے اسے بچا لیا گیا، خوش قسمتی سے اس مسافر کو کوئی چوٹ بھی نہیں لگی اور وہ مکمل طور پر محفوظ رہا۔

ریلوے حکام کی جانب سے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے مسافروں کو سختی سے تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ کبھی بھی چلتی ہوئی ٹرین میں چڑھنے یا اترنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔