پاک بحریہ کا خطیر رقم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کرنے کا فیصلہ
شائع شدہ تاریخ 31 مارچ, 2020
پاک بحریہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر کورونا ریلیف فنڈ میں خطیر رقم عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سربراہ پاک بحریہ اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے جبکہ وائس ایڈمرل، ریئر ایڈمرل، کموڈور سطح کے افسران 3،3 دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔ ترجمان کے مطابق باقی تمام افسران 2،2 دن کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے۔چیف پیٹی آفیسرز، سیلرز اور سویلین عملہ بھی اپنی ایک ایک دن کی تنخواہ عطیہ کرے گاواضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر کورونا ریلیف فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ’آج میں ریلیف فنڈ قائم کررہا ہوں اور نیشنل بینک میں اکاؤنٹ کھولا جائے گا جس میں بیرون ملک موجود لوگ بھی عطیات جمع کراسکتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ اس اکاؤنٹ میں فنڈز کا آڈٹ ہوگا اورمکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔