ولی خان بابرکا اصل قاتل لندن میں بیٹھا ہے،فوادچوہدری
شائع شدہ تاریخ 16 جون, 2020
وفاقی وزیرفواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگرچہ جیونیوز کے صحافی ولی خان بابر کا اصل قاتل تو لندن بیٹھا ہے، آلہ کار کی گرفتاری نے یاد کرایا کہ کراچی پر کیسا مافیا راج کرتا تھا۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے منگل کی صبح ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ جیونیوز کے صحافی ولی خان بابر کا اصل قاتل تو لندن بیٹھا ہے، آلہ کار کی گرفتاری نے یاد کرایا کہ کراچی پر کیسا مافیا راج کرتا تھا۔ فواد چوہدری نے مزید بتایا کہ آج کا کراچی اس جبر کے شکار کراچی کے مقابلے میں جنت ہے،کراچی نے بہت لہو دیکھا ہے، برطانیہ کوپاکستان کےمجرم حوالے کرنے چاہئیں تا کہ اصل شیطان انجام کو پہنچیں۔ https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1272748904782745605 گزشتہ روز کراچی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی انٹیلی جنس ایجنسی کی مدد سے جیوز نیوز کے رپورٹر ولی خان بابر کے قتل میں ملوث مرکزی مجرم کامران کو گرفتار کرلیا گیا،انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مجرم کو غیرموجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ بیان کے مطابق مجرم ایم کیوایم لندن کا کارکن ہے اورجنوبی افریقا سیٹ اپ کےساتھ کام کرتا رہا مگرگزشتہ 9 سال سے روپوش تھا۔ واضح رہے کہ ولی خان بابرکو2011 میں کراچی کے علاقہ لیاقت آباد میں دفتر سے گھر جاتے ہوئے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔اس کےبعد کیس کے 5 گواہان کو بھی چن چن کر مارا گیا۔ پولیس کےمطابق ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ 2008 میں ایم کیو ایم میں شامل ہوا اور قتل سمیت چائنا کٹنگ میں ملوث رہا،پھر2011 میں فیصل موٹا نے ایک اور ٹیم سے ملایا اور ولی بابر کو قتل کرنے کا ٹاسک دیا۔ اس مقصد کیلئے اسلحہ بھی دیا۔ اس کیس کے ماسٹرمائنڈ فیصل موٹا کو رینجرز نے 2015 میں نائن زیرو پر چھاپہ مار کر عبید کے ٹو و دیگر سمیت گرفتارکرلیا تھا جبکہ مجرم کامران روپوش رہا اور اس دوران وہ لانڈھی اور گلشن معمار میں روپوش رہا اور مسلسل اپنا ٹھکانہ بھی بدلتا رہا۔