وفاقی حکومت نے سونا درآمد و برآمد کرنے کی پابندی ختم کر دی
شائع شدہ تاریخ 22 نومبر, 2025
کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت تجارت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سونے کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر اوبحال کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہےکہ وفاقی حکومت نے قیمتی دھاتوں و زیورات کی درآمد وبرآمد سے متعلق کچھ ترامیم بھی کی ہیں جب کہ قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد اور برآمدکا فریم ورک برقرار رہےگا، فریم ورک شفافیت اورخود کار نظام میں بہتری کے ساتھ جاری رہےگا۔
اس سال مئی میں سونےکی ایکسپورٹ اورامپورٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی، وزارت تجارت نے 6 مئی2025کو سونےکی تجارت منظم کرنے والا ایس آر او 60 روز کے لیے معطل کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سونےکی اسمگلنگ کی شکایت پر ایکسپورٹ اور امپورٹ پر پابندی لگائی گئی تھی۔