وزیرصحت سندھ کاخط:55عمرکےاراکین اسمبلی اجلاس میں شرکت سےگریزکریں
شائع شدہ تاریخ 08 جون, 2020
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اسپیکر صوبائی اسمبلی آغاز سراج درانی کو خط لکھ کر55 سال سے زائد عمر کے اراکین کو اسمبلی اجلاس میں شرکت سے روکنے کی سفارش کی ہے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو لکھے گئے خط میں صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کی 55 سال سے بڑے ارکان کو اجلاس میں شرکت نہ کرنے دی جائے۔ ارکان کو ماسک لگانے اور دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت کی جائے۔ خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ معمر افراد جو شوگر اور دیگر امراض کا شکار ہیں، وہ کرونا سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ اسمبلی اراکین کو فیس ماسک اور دیگر ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے پابند بنایا جائے۔ وزیر صحت سندھ کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ایس او پیز اور گائیڈ لائین جاری کی گئی ہیں۔ اس ہفتے کرونا وائرس کے تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور کل 1744 کیس رکارڈ ہوئے ہیں۔ سندھ حکومت نے ٹیسٹ کی صلاحیت کو بھی بڑھایا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق سندھ اسمبلی میں 35 سے 40 اراکین کی عمریں 55 سال سے زیادہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق خود وزیر صحت سندھ کی عمر بھی 55 سال سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ جس کے بعد سندھ اسمبلی کے 168 ارکین میں سے 35 سے 40اراکین ایسے ہونگے جو اس فیصلے سے متاثر ہونگے اور اسمبلی اجلاس میں شرکت سے قاصر رہیں گے۔