وزیراعظم کا بڑا فیصلہ — گھریلو صارفین کیلئے صبح 5 سے رات 10 بجے تک مسلسل گیس کی فراہمی کی ہدایت
شائع شدہ تاریخ 09 دسمبر, 2025
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بلاتعطل گیس فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
علی پرویز ملک نے یہ بات قومی اسمبلی اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر بتائی۔
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ رواں سال پچھلے سال کی نسبت گیس لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی آئی ہے تاہم جہاں بھی گیس پریشر کا مسئلہ ہے، نشاندہی کریں، معاملہ حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نومبر میں 80 سے 90 ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 70 سے 80 فیصد اوگرا کے حوالہ سے تھیں، ان شکایات کو ہم نے 36 گھنٹوں کے اندر حل کر دیا تھا۔