ماسکو، فیصل آباد اور کراچی کے درمیان مال بردار ٹرین سروس کا منصوبہ
شائع شدہ تاریخ 11 اگست, 2026
روسی سفیر البرٹ خوریف نے یہ اعلان روسی اخبار ’’ازویستیا‘‘ کے ساتھ انٹرویو میں کیا۔
انٹرویو میں روسی سفیر سے سوال کیا گیا کہ کیا روس اور پاکستان منسک ماسکو–کراچی راہداری کے ذریعے مال بردار ریل سروس کے پائلٹ پروگرام کےآغاز پر کام کر رہے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو اس منصوبے پر اس وقت پیش رفت کس مرحلے میں ہے؟
جس پر روسی سفیر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ماسکو–فیصل آباد اور ماسکو–کراچی روٹس پر دونوں سمتوں میں پہلی مال بردار ریل سروس کے آغاز پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں بیلاروس کی شمولیت کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
روسی سفیر نے کہا کہ 2025 کے دوران اور 2026 کے اوائل میں خطے میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں اضافے کے باعث اس منصوبے پر عمل درآمد کئی مرتبہ مؤخر کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فریقین مال برداری سے متعلق خدمات کے معاہدے کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور مجوزہ روٹ میں شامل ممالک میں ایسی کمپنیوں کی نشاندہی کر رہے ہیں جو اس راستے کے ذریعے اپنے تجارتی سامان کی ترسیل میں دلچسپی رکھتی ہوں۔