برطانیہ میں وزن کم کرنے والی روزانہ استعمال کی نئی گولی منظور
شائع شدہ تاریخ 11 اگست, 2026
برطانیہ وزن کم کرنے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج میں مدد دینے والی نئی روزانہ استعمال ہونے والی گولی کی منظوری دے کر یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
برطانوی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹ ریگولیٹری ایجنسی نے پیر کے روز دوا اورفورگلیپرون کی منظوری دی، جسے فونڈایو کے نام سے فروخت کیا جائے گا۔ یہ دوا معروف دوا ساز کمپنی ایلی لِلی نے تیار کی ہے۔
اورفورگلیپرون ایک جی ایل پی-ریسیپٹر ایگنسٹ ہے (جو خون میں شوگر کی سطح کم کرنے) نظامِ ہاضمہ میں خوراک کی رفتار سست کرنے اور بھوک کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
یہ دوا کم کیلوریز والی خوراک اور جسمانی سرگرمی میں اضافے کے ساتھ ایسے افراد کے لیے منظور کی گئی ہے جن کا بی ایم آئی 30 یا اس سے زیادہ ہو۔ اس کے علاوہ 27 سے 30 کے درمیان بی ایم آئی رکھنے والے افراد بھی اسے استعمال کر سکتے ہیں، بشرطیکہ انہیں وزن سے متعلق کم از کم ایک طبی مسئلہ درپیش ہو۔
دوا کو ایسے مریضوں میں خون میں شوگر بہتر کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جن کی ٹائپ 2 ذیابیطس مناسب طور پر کنٹرول میں نہیں ہے۔
اورفورگلیپرون کی خاص بات یہ ہے کہ اسے دن میں صرف ایک مرتبہ لیا جاتا ہے اور اسے کسی بھی وقت استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے استعمال کے لیے کھانے یا پانی سے متعلق مخصوص پابندیاں بھی نہیں ہیں۔
ماہرین کے مطابق روزانہ ایک بار لی جانے والی گولی کی شکل میں جی ایل پی-1 دوا ان افراد کے لیے ایک آسان متبادل ثابت ہو سکتی ہے جو وزن کم کرنے کے موجودہ علاج میں انجیکشن کے بجائے گولی کو ترجیح دیتے ہیں۔