طلبہ سے 15 ہزار روپے لے کر نمبرز اور گریڈز تبدیل کرنے کا انکشاف

شائع شدہ تاریخ 08 ستمبر, 2026
طلبہ-سے-15-ہزار-روپے-لے-کر-نمبرز-اور-گریڈز-تبدیل-کرنے-کا-انکشاف

فیصل آباد میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ، نمبرز، گریڈز اور حاضری میں پیسے لے کر غیر قانونی ردوبدل کرنے والے گروہ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سابق طالبعلم نعمان جعفر اور اس کے ساتھی احسن شفیق کو حراست میں لے لیا۔

این سی سی آئی اے نے بتایا کہ تفتیش کے دوران 33 طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ میں مجموعی طور پر 72 غیر قانونی تبدیلیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان فی مضمون 15 ہزار روپے وصول کر کے طلبہ کے نمبرز، گریڈز اور حاضری کا ریکارڈ تبدیل کرتے تھے۔

مرکزی ملزم نعمان نے شعبے کے سربراہ کے آن لائن پورٹل تک غیر قانونی رسائی حاصل کر رکھی تھی اور رقم کی منتقلی کے لیے مختلف بینک و ڈیجیٹل اکاؤنٹس کا استعمال کیا جاتا تھا۔

ملزمان کے قبضے سے 2 موبائل فون اور لیپ ٹاپ برآمد کر لیے گئے ہیں، جن سے آن لائن پورٹل تک رسائی اور مالی لین دین کے واضح شواہد حاصل ہو چکے ہیں۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے فائدہ اٹھانے والے طلبہ اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا سکے۔