سرفراز احمد سے عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو کا سوال، ہیڈ کوچ نے جواب دے دیا
شائع شدہ تاریخ 29 اگست, 2026
لندن کے لارڈز میدان میں پاکستان اور انگلینڈ کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلش براڈ کاسٹر نے کھانے کے وقفے پر سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں کا انٹر ویو نشرکیا تھا۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے صاحبزادوں قاسم اور سلمان کا انٹرویو سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کیا۔
جس پر کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پی سی بی نے ناراضگی کا اظہار کیا اور کھانے کے وقفے کے بعد ٹیم کو میدان میں اتارنے سے متعلق ہچکچاہٹ دکھائی۔
اس سے متعلق لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن پریس کانفرنس میں جب پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد سے سوال ہوا،تو انہوں نے کہا کہ ' اس سے متعلق ہمیں کچھ علم نہیں پی سی بی نے اس متعلق انگلش بورڈ سے شکایت کی ہے یا نہیں'۔
سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم ،میرے علم میں ایسا کچھ نہیں ہے۔
جب ہیڈ کوچ سے سوال ہوا کہ کھانے کے وقفے کے بعد انٹرویو کی وجہ سے ٹیم نے میدان میں نہ آنے سے متعلق سوچا، تو سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا، ہم تو معمول کے مطابق کھانے کے وقفے کے بعد فیلڈ میں آنے کی تیاری کر رہے تھے، ہمیں انٹرویو کے بارے میں کچھ نہیں پتا۔