دورانِ پرواز مسافر طیارے کی کھڑکی سے باہر جا گرا
شائع شدہ تاریخ 11 جولائی, 2026
یونانی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ یورپی ایئر لائن رائن ایئر کی ایک پرواز کے دوران اس وقت پیش آیا جب طیارے کے ایک انجن سے الگ ہونے والا ٹکڑا دورانِ پرواز کھڑکی سے ٹکرا گیا، جس سے کھڑکی فضا میں اپنی جگہ سے الگ ہو گئی۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین اور حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورانِ پرواز کھڑکی سے باہر نکلنے والے مسافر کو دیگر مسافروں نے واپس اندر کھینچ لیا۔
حکام کے مطابق متاثرہ مسافر سربیا کا ایک سیاح ہے، جو یونان کے شہر تھیسالونیکی سے جرمنی کے شہر میمنگن جانے والی پرواز میں سوار تھا۔
اسے رگڑ لگنے سے معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں اور احتیاطاً اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس کی مجموعی حالت تسلی بخش بتائی گئی ہے۔
ریڈیو تھیسالونیکی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک خاتون مسافر نے بتایا کہ ہم میں سے زیادہ تر لوگ سو رہے تھے کہ اچانک زور دار دھماکے جیسی آواز آئی، جیسے کسی ٹائر کے پھٹنے کی آواز ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فوراً اندازہ ہو گیا کہ طیارے میں دباؤ (ڈی کمپریشن) کا مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔
خاتون مسافر کے مطابق ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی، ایک لمحے کے لیے مجھے لگا کہ شاید کسی نے غلطی سے ہنگامی دروازہ کھول دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آکسیجن ماسک نیچے آ گئے اور طیارے کے اندر شدید بو پھیل گئی، ایک مسافر کا سر اور کندھے کھڑکی سے باہر تھے، خوش قسمتی سے اس نے اپنی سیٹ بیلٹ باندھ رکھی تھی، متاثرہ مسافر کے قریب بیٹھے دیگر افراد نے فوری طور پر اسے واپس اندر کھینچ لیا۔
یونانی میڈیا کے مطابق رائن ایئر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرواز نے ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد اس وقت تھیسالونیکی کا واپس رخ کیا جب دورانِ پرواز ایک مسافر کی کھڑکی اپنی جگہ سے الگ ہو گئی۔
ایئرلائن نے بتایا ہے کہ طیارے نے معمول کے مطابق باحفاظت لینڈنگ کی اور تمام مسافر ٹرمینل واپس پہنچ گئے۔
ایئرلائن کے مطابق بعد میں مسافروں کو میمنگن پہنچانے کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کیا گیا۔