دنیا کا انوکھا شہر جہاں عمارتوں کے اوپر سے موٹروے گزرتی ہے

شائع شدہ تاریخ 20 جولائی, 2026
دنیا-کا-انوکھا-شہر-جہاں-عمارتوں-کے-اوپر-سے-موٹروے-گزرتی-ہے

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر چین کے ایک شہر میں واقعی ایسا انوکھا عجوبہ موجود ہے۔

چین کے شہر گوئیانگ میں واقع شوکوشی برج المعروف شوکوشی اوور پاس کی تعمیر 1997 میں مکمل ہوئی تھی۔

اس کے بعد سے ہی یہ جگہ لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے کیونکہ اس کے نیچے متعدد رہائشی عمارات موجود ہیں جن کی چھتوں کے اوپر سے سڑک گزرتی ہے۔

اس شہر میں سستے مکانوں کی قلت ہے تو شہر کی انتظامیہ نے اس برج کے نیچے موجود جگہ کو اپارٹمنٹ عمارات کی تعمیر کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

شوکوشی برج کے بالکل نیچے عمارات کی تعمیر کے پیچھے یہ خیال تھا کہ شہر کے قلب میں موجود خالی زمین کو رہائشی منصوبوں کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

اب اس پل کے نیچے ایک درجن سے زائد اپارٹمنٹ عمارات موجود ہیں اور وہاں رہنے والوں کو اکثر برج سے گزرنے والی ٹریفک کے شور اور ارتعاش کا سامنا ہوتا ہے۔

پل کی تعمیر کے 2 سال بعد 10 رہائشی عمارات کو سستے مکانات کے منصوبے کے طور پر تعمیر کیا گیا اور بتدریج مزید عمارات کی تعمیر بھی مکمل کی گئی۔

وہاں رہنے والے بہت کم افراد مسلسل شور کی شکایت کرتے ہیں، زیادہ تر تو سستے مکانات کے حصول پر خوش ہیں۔

درحقیقت بیشتر افراد تو اس شور اور عمارات کے ارتعاش کو اس منفرد مقام کی کشش قرار دیتے ہیں۔

وہاں رہنے والوں کے لیے حالات کو بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ نے بتدریج ٹرکوں کو برج سے جانے سے روک دیا تھا جس سے شور اور عمارات کے ارتعاش میں کسی حد تک کمی آئی۔