خورشید شاہ کے فرنٹ مین کی عبوری ضمانت میں توثیق
شائع شدہ تاریخ 19 دسمبر, 2019
سندھ ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب انکوائری میں رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کے فرنٹ مین سمیت 3 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توثیق کردی۔ہائیکورٹ میں خورشید شاہ کے فرنٹ مین پہلاج مل ،اس کی اہلیہ سنگیتا اور ملزم عبدالخالق کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ، تاہم انکوائری میں تاحال کوئی ثبوت نہیں ملا ہے لہذا ملزمان کے خلاف انکوائری ختم کرنے کے لیے رپورٹ ہیڈ آفس بھیج دی ہے۔نیب نے سندھ ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ ہیڈ آفس سے جواب آنے تک کیس کی سماعت ملتوی کردی جائے۔ نیب کی استدعا پر عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دی۔