حکومت روپے کی بے قدری کو روکنے کیلئے فوری طو رپر ضروری اقدامات اٹھائے، صدر فیصل آباد چیمبر
شائع شدہ تاریخ 18 جولائی, 2019
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے روپے کی قدر میں بار بار کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ روپے کی بے قدری کو روکنے کیلئے فوری طو رپر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ملک پر بیرونی قرضوں کے بڑھتے ہوئے دبائو کو روکنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی اس کے منفی اثرات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی بے قدری سے درآمدات جو پہلے ہی برآمدات سے بہت زیادہ تھیں ان میں مزید اضافہ ہو گا لہٰذا اس صورتحال سے نکلنے کیلئے ایسے سخت اقدامات کی ضرورت ہے جس کے ذریعے غیر ضروری درآمدات کو فوری اور مکمل طور پر روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر مہنگا ہونے سے ویلیو ایڈیشن میں استعمال ہونے والی درآمدات بھی مہنگی ہو جائیں گی اس طرح ہماری ملکی پیداواری لاگت مزید بڑھ جائے گی اور اندرون ملک مہنگائی کی نئی لہر کے ساتھ ساتھ ہماری برآمدات کیلئے بھی دوسرے حریف تجارتی ملکوں کی مصنوعات کا مقابلہ کرنا مشکل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت کی سطح پر ضروری حکمت عملی اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی لوگوں میں قومی اشیاء کے استعمال کا شعور پیدا کر کیغیر ملکی درآمدات کی حوصلہ شکنی کی جا سکتی ہے۔