بچوں کی ذہنی صحت کیلئے بڑا قدم، ڈنمارک میں سوشل میڈیا پر پابندی کی تیاری
شائع شدہ تاریخ 13 دسمبر, 2025
ڈنمارک کے حکام کے مطابق مجوزہ اصلاحات کے تحت 15 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی محدود کر دی جائے گی تاہم بعض مخصوص صورتوں میں والدین کی اجازت سے بچوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں بچے حد سے زیادہ ڈیجیٹل دنیا میں مصروف ہو گئے ہیں جہاں انہیں نامناسب مواد، سائبر بُلنگ، ذہنی دباؤ اور دیگر نفسیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حکام کے مطابق سوشل میڈیا کے بے جا استعمال سے بچوں کی ذہنی صحت، تعلیمی کارکردگی اور سماجی رویوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ڈنمارک کے وزیر ڈیجیٹل امور نے کہا ہے کہ یہ اقدام بچوں کی آزادی سلب کرنے کے لیے نہیں بلکہ ان کے بہتر مستقبل اور ذہنی نشوونما کے تحفظ کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو آن لائن دنیا کے خطرات سے بچانا ریاست اور والدین دونوں کی ذمہ داری ہے۔
دوسری جانب تازہ ترین سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال سے بچے اینزائٹی کا شکار ہورہے ہیں۔