بجٹ اجلاس:کئی بڑےرہنماء کروناکےباعث شریک نہیں ہونگے

شائع شدہ تاریخ 12 جون, 2020
بجٹ-اجلاس:کئی-بڑےرہنماء-کروناکےباعث-شریک-نہیں-ہونگے

کرونا کے دور میں پارلیمنٹ کی سرگرمیاں ماند ہوگئی ہيں۔بجٹ اجلاس میں بھی روایتی گرما گرمی نظر نہ آنے کے امکانات ہيں کیونکہ اپوزیشن لیڈر سمیت پارلیمان کے کئی بڑے نام وائرس کے باعث ایوان سے دور رہنے پر مجبور ہیں۔ اقتدار کےایوانوں میں نئے بجٹ کی گونج ہے لیکن اعدادوشمار کی بھرمار سے پہلے ہی کئی پارلیمنٹیرینز کرونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔ متعدد بڑے نام نہ ہونے کے باعث بجٹ اجلاس روایتی گرما گرم تکرار کے بغیر ہونے کے امکانات ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، مریم اورنگزیب، ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب ،احسن اقبال، سید جاوید حسنین اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کرونا کے باعث قرنطینہ میں ہیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید، ایم کیو ایم کے اسامہ قادری، جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی ، آزاد رکن علی وزیر ، پی ٹی آئی کے شہریار آفریدی ، ملک عامر ڈوگر، عثمان خان ترکئی، وجیہہ اکرم، جے پرکاش، نزہت پٹھان اور رائے مرتضیٰ اقبال سمیت کئی ارکان کے کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکے ہیں۔ ایوان بالا میں جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطا الرحمان، پی ٹی آئی کے فدا محمد، فاٹا کے آزاد رکن مرزا محمد آفریدی ، پیپلز پارٹی کے مولا بخش چانڈیو اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی سینیٹر عابدہ عظیم وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔ سابق صدر آصف زرداری کی شرکت بھی مشکوک ہے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا دو ٹوک اعلان کرچکے ہیں۔