اوکاڑہ: مالی حالات سے تنگ آکر ایک ہی خاندان کے 3 افراد نے خود کشی کر لی
شائع شدہ تاریخ 22 جون, 2020
پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور کے قصبےبصیرپور میں مالی حالات سے تنگ آ کر ایک ہی خاندان کے تین افراد نے خود کشی کر لی۔ بصیر پور کے محلہ غوث پورہ میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد نے زہریلی گولیاں کھاکرخودکشی کر لی۔پولیس کے مطابق وقاص کی دوماہ قبل شادی ہوئی تھی جس کے اخراجات کے لیے ڈیڑھ لاکھ قرض لیا گیا تھا۔ لاک ڈاؤن کے باعث قرضہ واپس نہ کیے جانے پر والدہ نے وقاص کو ڈانٹ ڈپٹ کی جس پر اس نے دلبرداشتہ ہو کر اپنی بیوی ناہید اختر سمیت گندم میں استعمال ہونے والی زہریلی گولیاں کھائیں تو اس کے چھوٹے بھائی اشفاق نے بھی یہ گولیاں کھا لیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال لے جایا گیاجہاں وہ دم توڑ گئے، لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس بھجوادی گئی ہیں۔