ادویات مہنگی کرنے والی فارما کمپنیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

شائع شدہ تاریخ 24 جولائی, 2026
ادویات-مہنگی-کرنے-والی-فارما-کمپنیوں-کے-خلاف-کریک-ڈاؤن

ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ڈی ریگولیٹڈ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے اور حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر فارما کمپنیوں سے جواب طلب کر لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ادویات قیمتوں میں کم از کم 76.8 اور زیادہ سے زیادہ 1621 فیصد تک ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ ڈریپ کی جانب سے دواؤں کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد اضافہ کرنے والی 37 فارما کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے قیمتیں بڑھانے والی فارما کمپنیوں کو نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس اظہار وجوہ کے نوٹسز میں کمپنیوں سے قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد اضافے کی وجوہات طلب کی گئی ہیں۔

وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ اظہار وجوہ کے نوٹسز نیشنل اور ملٹی نیشنل دونوں کمپنیوں کو جاری کیے گئے ہیں۔ 37 کمپنیوں سے 92 دواؤں کی قیمتوں میں اضافے پر جواب طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ 37 میں سے 12 کمپنیوں نے 35 دواؤں کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے جوابات جمع کرا دیے ہیں، جب کہ 2 فارما کمپنیوں نے نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت مانگ لی ہے۔

ذرائع کے مطابق 23 فارما کمپنیوں نے تاحال اظہار وجوہ نوٹسز کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ جس پر ان کمپنیوں کو یاد دہانی نوٹس ارسال کر دیے گئے ہیں۔ تمام فارما کمپنیز کے جوابات ملنے پر آئندہ کا لائحہ عمل طے ہو گا۔