آزاد کشمیر انتخابات میں بڑا اپ سیٹ، سردار عتیق احمد آبائی نشست سے ہار گئے
شائع شدہ تاریخ 11 اگست, 2026
آزاد کشمیر کے ضلع باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر پیر کو پولنگ ہوئی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور نتائج سامنے آرہے ہیں۔
ایل اے 14 ضلع باغ کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج موصول ہو گئے ہیں جن کے مطابق ایک بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ہے۔مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان اپنی آبائی نشست پر شکست کھا گئے۔
یہ نشست جموں و کشمیر دست و بازو پارٹی کے سردار ساجد اقبال جیت گئے ہیں۔
ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے جبکہ سردار عتیق 19 ہزار 542 ووٹ حاصل کر سکے۔ یوں ساجد اقبال نے سردار عتیق سے دُگنے سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
سردار عتیق کی یہ آبائی نشست ہے جس پر ان کے والد سردار عبدالقیّوم بھی کامیاب ہوتے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ایل اے15 پر پیپلزپارٹی کے ضیاء قمر کو برتری حاصل ہے جبکہ ایل اے16 پر مسلم لیگ(ن) کے سردار میر اکبر خان آگے ہیں۔
ایل اے17 حویلی کی نشست پر پیپلزپارٹی کے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کو برتری حاصل ہے۔