عورت کی خوشیاں خاندان سے منسلک اور پرسکون زندگی کے لئے خاندان ضروری ہے ملتان: نائب صدر جماعت اسلامی حلقہ خواتین جنوبی پنجاب فوزیہ عرفان نے ضلعی ناظمہ شازیہ شیر افضل،نگران سیاسی سیل ارم امین،نائبین ضلع لالہ رُخ، محمودہ کبیر، ساجدہ شائستہ، عائشہ کامران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 مارچ کو ملک بھر میں عالمی یوم خواتین منایا جائے گا، اس سلسلے میں 8 مارچ کو ملتان آرٹس کونسل ہال میں خواتین کانفرنس بعنوان عورت!خاندان اور معاشرے کا دھڑکتا دل منعقد ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جدوجہد ہر پاکستانی خاتون کے لئے ایک با عزت اور محفوظ زندگی کی جدوجہد ہے ۔ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ عورت کی خوشیاں اس کے خاندان سے منسلک ہیں اور ایک پرسکون زندگی کے لئے خاندان کی بقا ضروری ہے۔