سیاسی اثر و رسوخ کے ٹیکس نادہندگان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے ،ڈی جی ملتان : ڈائریکٹرجنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس پنجاب محمد سہیل شہزادنے کہاکہ صوبہ بھر میں 31 مارچ کے بعد گاڑیوں کی تبدیلی ملکیت بائیو میٹرک نظام کے ذریعے ہوگی ،سیاسی اثر و رسوخ کے حامل ٹیکس نادہندگان کے خلاف بلا خوف تفریق کے کارروائی کی جائے‘ پراپرٹی، پروفیشنل اور ٹوکن ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنانے کے لئے کسی سے مرعوب ہونے کی قطعی ضرورت نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پہنچنے پر ایکسائز آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈی جی ایکسائز نے کہا کہ آئندہ چیکنگ کے دوران ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے تحویل میں لئے جانیوالے کاغذات اور گاڑیوں کی واپسی صرف گاڑی کے حقیقی مالکان کو ہی کی جائے ۔ ٹیکس ریکوی رپورٹ بارے انہوں نے زون ٹو کی کارکردگی کو بہتر قرار دیا ، علاوہ ازیں خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کے سابقہ ای ٹی اوز کی ناقص کارکردگی پر ان کے خلاف ڈائریکٹر ایکسائز کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 25 اپریل 2020ء تک انہیں مقررہ ٹارگٹ کی 90 فیصد ریکوری چاہئے اور مجھے جون کا انتظار نہیں کرنا بلکہ 31 مئی تک 100 فیصد ٹیکس ریکوری کی مکمل رپورٹ چاہئے ۔