چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا 8 اضلاع میں بھکاری مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن، گلبرگ، اقبال ٹاؤن، شاہدرہ اور دیگر علاقوں سے درجنوں بھکاری بچے تحویل میں لے لئے10 سالہ عبدالرزاق چند روز قبل اغوا ،مصطفی ٹاؤن سے بازیاب ہوا،کراچی میں فروخت کیا جانا تھا،ملزمہ اللہ معافی عرف سونیا اور سمیرا بچے سے 2روز بھیک بھی منگواتی رہیں لاہور: چائلڈ پروٹیکشن بیورونے پنجاب بھر میں 300 سے زائد بھکاری بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔گلشن اقبال پولیس نے 10 سالہ مغوی بچے کی فروخت کیلئے کراچی منتقلی ناکام بنا دی،2 رکنی خاتون گروہ کو گرفتارکر کے بچہ مصطفی ٹاؤن سے بازیاب کر لیا۔چائلڈ پروٹیکشن بیورونے لاہور سمیت پنجاب کے 8 اضلاع میں بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ۔ان ٹیموں نے لاہور کے مختلف علاقوں گلبرگ،ایم ایم عالم روڈ،ڈیفنس موڑ،مین مارکیٹ، اقبال ٹاؤن، شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں آپریشن کے دوران درجنوں بھکاری بچوں کوتحویل میں لے لیا۔ بیورو نے پنجاب بھر میں 300 سے زائد بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا اور صرف لاہور میں اب تک 95 بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا جاچکا ہے ۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے آپریشن کے دوران لبرٹی چوک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بچوں کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ بھکاری مافیا کو ہم ہرگز معصوم بچوں سے بھیک منگوانے کی اجازت نہیں دیں گے ، تحویل میں لئے گئے بچوں کو حکومت پنجاب کی طرف سے ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی،بچوں کو بھیک مانگنے سے روکنے کے لیے جلد ان کے والدین کو احساس پروگرام کے تحت مالی معاونت بھی مہیا کی جائے گی۔ادھر ایس پی اقبال ٹاؤن انویسٹی گیشن نوید ارشاد کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن گلشن اقبال ظفر اقبال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چند روز قبل اغوا ہونیوالے 10سالہ عبدالرزاق کو مصطفی ٹاؤن کے علاقے سے بازیاب کرا لیا جبکہ معصوم بچوں کو اغوا کے بعد فروخت کرنے والے خاتون گروہ کی سرغنہ اللہ معافی عرف سونیاعرف جگو اور اس کی ساتھی سمیراکو گرفتار کر لیا اور بچے کو کراچی منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ ملزم خواتین بچے کو اغوا کر کے مختلف جگہوں پر 2روز بھیک بھی منگواتی رہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے گروہ کی سرغنہ اللہ معافی سونیا عرف جگو لڑکوں کے بھیس میں بچوں کے اغواکی کارروائیاں کرتی تھی۔