2019، سندھ میں ہزاروں گرفتاریاں، 25 پولیس شہادتیں
شائع شدہ تاریخ 30 دسمبر, 2019
سال 2019ء کے دوران صوبے بھر میں کارروائیوں کے دوران سندھ پولیس کی جانب سے مختلف جرائم میں ملوث 49834 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق سندھ بھر سے عمل میں آئی گرفتاریوں کے نتیجے میں 219 کلوگرام دھماکہ خیز مواد، 31 بم، 8 خودکش جیکٹس، 213 ایس ایم جیز اور کلاشنکوف، 6 ایم پی فائیو رائفلز، 9530 پستول، ریوالورز اور ماؤذر، 167 رائفلوں سمیت بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ آئی جی سندھ سید کلیم امام کو پیش کردی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران 1114 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 504 جرائم پیشہ گروہوں کا قلع قمع کیا گیا۔ ڈکیتی میں ملوث 39، دہشتگردی کے الزامات کے تحت 8 جبکہ اغواء کاری کا ایک ملزم مقابلوں کے دوران ہلاک ہوا۔ اسی طرح 39 دہشت گردوں،21 ٹارگٹ کلرز اور 10اغواء کاروں کو گرفتار کیا گیا۔سالانہ رپورٹ کے مطابق ڈکیتی میں ملوث 13557 ملزمان گرفتار کیے گئے جن میں 1534 ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ان کارروائیوں میں 20976 مفرور جبکہ 13697 اشتہاری ملزمان بھی گرفتار کیے گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران 25 پولیس افسران اور جوان شہید ہوئے۔ کاررائیوں میں بم بنانے کے 50 آلات، 665 فیوزو ڈیٹونیٹرز، 42 میزائل، 17 راکٹس، 412 گرنیڈز، 2 أئی ای ڈیز، ،37527 راؤنذز و کارتوس، 03 جی تھری رائفلیں اور04 اینٹی ایئر کرافٹ گنیں بھی برامد کی گئیں۔