اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران عمران خان نے اپنا ترپ کا پتہ کھیلا اور پوری اپوزیشن کو شاک میں مبتلا کر دیا ۔شہبازشریف نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور سپیکر پر آرٹیکل چھ لگے گا ۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی بھر پور تعداد قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دینے کیلئے موجود تھی جبکہ حکومتی شخصیات بھی اسمبلی میں آئیں، سپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت اجلاس شروع ہو تو فوادچوہدری کو گفتگو کیلئے وقت دیا گیا ، فواد چوہدری اپنی نشست پر کھڑے ہوئے اور انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے لائی گئی عدم اعتماد کی تحریک کے پیچھے غیر ملکی سازش قرار دیا اور اس آرٹیکل 5 کے تحت تحریک پیش کی ، سپیکر نے فواد چوہدری کی تحریک کو منظور کرتے ہوئے اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور رولنگ جاری کر دی ، سپیکر نے رولنگ کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا ۔ اس کے فوری بعد عمران خان کا چہرہ تمام ٹی وی چینلز پر چھا گیا اور وہ قوم سے خطاب کرنے آ گئے جس میں انہوں نے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تجویز صدر مملکت کو بھجوا دی گئی ہے ۔ چونکہ تحریک عدم اعتماد مستر د ہو چکی ہے اس لیے وزیراعظم کے پاس اختیار واپس آ گیاہے کہ وہ اسمبلی توڑنے کیلئے صدر کو تجویز بھیج سکتے ہیں تاہم اپوزیشن کی جانب سے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹارنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔