یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیل کا نیا ریکارڈ قائم کردیا
شائع شدہ تاریخ 04 جون, 2020
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی کے مطابق کارپوریشن نے رواں سال 22 ارب روپے کی فروخت کا ریکارڈ قائم کیا۔ عمر لودھی کا مزید کہنا تھا کہ کارپوریشن نے کام کے اوقات کار کم کرنے اور مینوفیکچررز اور سپلائرز کی فراہمی میں کمی کے باوجود اس سال ملکی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ریکارڈ کی عمرلودھی کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے اس دوران6ارب روپے کا نقصان بھی پورا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم فخر کے ساتھ اعلان کر رہے ہیں کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن حکومت پاکستان سے کوئی گرانٹ نہیں لے رہی ہے اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عملی طور پراپنے کاروبار کو فروغ دے رہی ہے ۔ واضح رہے کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے، تحریک انصاف یوٹیلٹی سٹورز کو خسارے سے نکالنے اور یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے صارفین کو اشیائے ضروری سستے نرخوں پر فراہم کرنے خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ غیر معیاری اشیاء کی وجہ سے صارفین یوٹیلٹی سٹورز کا رخ کم ہی کرتے تھے لیکن اب صارفین کا رخ دوبارہ یوٹیلٹی سٹورز کی طرف ہورہا ہے۔ خیال رہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کے مطابق اپریل میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی فروخت مقرر ہدف سے 4 ارب روپے سے زائد رہی تھی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی دستاویز کے مطابق گزشتہ ماہ اپریل میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی فروخت 12 ارب 51 کروڑ 16 لاکھ روپے رہی۔