پنجاب حکومت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت ہونے والے ضمنی امتحانات فوری روکنے کا حکم دے ديا ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکی طرف سے ایم بی بی ایس کے ضمنی امتحانات حکومتی اجازت کے بغیر لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ سیکرٹری صحت نبیل اعوان نے یوایچ ایس کےغیرذمہ دارانہ رویے پرسخت نوٹس لے ليا۔ انھوں نےاس حوالے سے جاری مراسلے ميں کہا کہ کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پنجاب حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا، فیصلے کی وجہ سے طلبا اور والدین کو شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔ مراسلے ميں کہا گيا ہے کہ پرائیویٹ کالج کے طلبا کی فیس کا معاملہ الگ سے دیکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے آج سے ایم بی بی ایس کے ضمنی امتحانات کا آغاز کیا تھا۔