کراچی: یونس خان نے قومی کھلاڑیوں کو ہمت نہ ہارنے کا آن لائن مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری کے ساتھ بیٹنگ کی کارکردگی میں تسلسل پیدا کرنا چاہئے ۔ سابق کپتان اور پاکستان کے ریکارڈ ساز ٹیسٹ بیٹسمین یونس خان نے آن لائن سیشن کے دوران قومی کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ کریز پر سخت مزاحمت کرتے ہوئے اپنی کارکردگی میں تسلسل لانے کی کوشش کریں جبکہ اپنا کردار مضبوط بناتے ہوئے قربانی کا جذبہ بھی بیدار کریں۔ انہوں نے آن لائن سیشن کے دوران موجود محمد حفیظ،اظہرعلی،اسد شفیق،حارث رؤف اور امام الحق کے علاوہ دیگر ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جو کھلاڑی کی اہلیت میں اضافی چیز تصور کی جاتی ہے اور چونکہ یہ کسی بھی کھلاڑی کیلئے انفرادی نوعیت کا معاملہ ہے لہٰذا انہیں اس کے حوالے سے ذاتی طور پر محنت کرنی چاہئے ۔یونس خان کا کہنا تھا کہ موجودہ پلیئرز کو اپنے مضبوط کردار کے ساتھ قربانی کے جذبے کو بھی بیدار کرنا چاہئے کیونکہ وسیم اکرم اور وقار یونس نے ٹوٹی ہڈیوں کے باوجود پاکستان کی نمائندگی کا فرض نبھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ کھلاڑی بڑا نام بنانے کیلئے زندگی میں خود کو چیلنج کرنا سیکھیں اور جب وہ اپنے آپ سے سوال کرنا سیکھ جائیں گے تو تب ان کیلئے بہتری کی جانب بڑھنا ممکن ہوگا۔دس ہزار ٹیسٹ رنز اسکور کرنے والے واحد پاکستانی بیٹسمین کا کہنا تھا کہ دیانتداری اور جامع منصوبہ بندی کسی بھی عام کھلاڑی کو لیجنڈ میں تبدیل کردیتی ہے جیسے عمران خان نے اپنی زندگی میں ایمانداری اور پلاننگ کو اہمیت دی تو وہ ملک کے وزیراعظم کے منصب تک جا پہنچے ۔یاد رہے کہ حالیہ لاک ڈاؤن کے دوران سابق کرکٹرز کا موجودہ کھلاڑیوں کو آن لائن لیکچرز دینے کا سلسلہ جاری ہے اور اس سے قبل جاوید میانداد، وسیم اکرم، راشد لطیف، مشتاق احمد ،محمد یوسف اور شعیب اختر بھی آن لائن ہدایات و مشورے دے چکے ہیں۔