گورنر پنجاب کا صدر آزاد کشمیر کو ٹیلیفون، کورونا پر تعاون کی پیشکش
شائع شدہ تاریخ 10 اپریل, 2020
ہمارے ہسپتال ٹیلی میڈیسن کے ذریعے آزاد کشمیر کے مریضوں کا علاج کر سکتے ہیں، چودھری سرور مظفرآباد: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے جمعرات کے روزٹیلی فون پر آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں ٹیلی میڈیسن کے ذریعے کورنا وائرس کی وباء کے شکار آزاد کشمیر کے مریضوں کے علاج معالجے کے علاوہ ہر قسم کے تعاون کی پیش کش کی ہے ، صدر آزاد کشمیر نے گورنر پنجاب کی پیش کش پر ان کا شکریہ ادا کیا ،ادھر کشمیری عوام کے نام اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سردارمسعود نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں ڈومیسائل قانون نافذ کر کے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا ہے ،اقوام متحدہ، عالمی برادری بھارت کی جیلوں میں قید ہزاروں کشمیریوں کی رہائی کو یقینی بنائے ،مقبوضہ کشمیر بھارت کے لئے ویت نام بننے جا رہاہے ،بھارت کے تمام تر مظالم ، دہشت اور درندگی کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں ،بھارت آسانی سے کشمیری قوم ، کشمیر کی سر زمین اور کشمیریوں کے حقوق غصب نہیں کر سکتا ۔