گورنر سندھ عمران اسماعیل سے خلیفہ بن زید النہیان فاؤنڈیشن کے وفد نے علی السویدی کی سربراہی میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ کراچی: اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر سلیم الخادم الدہنانی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، سماجی ، معاشی اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں وفد نے گورنر سندھ کو ایکسپو 2020ء میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔ وفد نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن صوبہ میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کام کررہی ہے ۔ گورنر سندھ نے خلیفہ بن زید النہیان فاؤنڈیشن کی صحت اور تعلیم کے شعبہ میں خدمات کو سراہا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے عوام نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی اس ضمن میں یو اے ای کے سماجی سیکٹر کا تعاون بھی مثالی ہے حکومت صوبہ میں فاؤنڈیشن کو ہر ممکن مدد، تعاون اور معاونت فراہم کرے گی ۔