گوادر: برطانیہ کے پاکستان میں متعین ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر بھی گوادر کرکٹ گراؤنڈ کی مسحور کن خوبصورتی کے دلدادہ اور معترف ہو گئے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے گوادر کے دورے کے موقع پر کرکٹ گراؤنڈ سے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں اسے دنیا کا خوبصورت ترین کرکٹ گراؤنڈ قرار دیا۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے پاکستان کی قومی زبان اردو میں جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات بہت مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہم دونوں ملکوں کے عوام کے خون میں شامل ہے ۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ یہاں کی قدرتی خوبصورتی ناقابل بیان ہے اور اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔ کرسٹن ٹرنر نے گوادر کرکٹ گراؤنڈ کو دنیا کا سب سے خوبصورت کرکٹ گراؤنڈ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایک دن انگلش کرکٹ ٹیم بھی اس گراؤنڈ پر کھیلے گی۔