تازہ ترین

گلبہار:جھک جانے والی عمارت کی محتاط انہدامی کارروائی کاآغاز

گلبہار:جھک-جانے-والی-عمارت-کی-محتاط-انہدامی-کارروائی-کاآغاز

ڈی جی ایس بی سی اے کا دورہ، ڈیمالیشن اسکواڈ کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایتپولیس کی مدد سے عمارت کو خالی کرالیا گیا،جیکس کی مدد سے روکنے کی تکنیک کا استعمال کراچی : سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نسیم الغنی سہتو نے گلبہار کے علاقے کا دورہ کرکے مخدوش عمارت کا معائنہ کیا اور ڈیمالیشن اسکواڈ کو پڑوس کی عمارتوں کو نقصان سے بچانے کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار اور عمارت کو فوری منہدم کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ عمارت کو خطرناک قرار اور محتاط انہدامی کارروائی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پلاٹ نمبر 61/100 سو کوارٹرزگلبہار میں ایک گراؤنڈ پلس پانچ منزلہ عمارت زمین میں دھنسنے اور ایک جانب سے جھک جانے کی اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نسیم الغنی سہتو کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آشکار داور اور کمیٹی برائے خطرناک عمارات کے ڈائریکٹر نے عمارت کا معائنہ کیا اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کی مدد سے مکینوں سے عمارت کو خالی کرا لیا ۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈیمالیشن اسکواڈ اور متعلقہ افسران نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ اس سلسلے میں مذکورہ عمارت کو جیکس کی مدد سے روکنے کی تکنیک استعمال کی گئی ہے تاکہ انہدامی عمل مکمل کیا جا سکے اور پڑوس کی عمارتوں کے تحفظ کے لئے عمارت کو ازخود زمیں بوس ہونے سے روکا جاسکے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ عمارت کو ایس بی سی اے کی کمیٹی برائے خطرناک و مخدوش عمارات کی جانب سے حالیہ سروے میں خطرناک اور ناقابل استعمال قرار دیا جا چکا تھا، جس کے بعد عمارت کے مکینوں کو اسے فوری خالی کرنے کے انتباہی نوٹس بھی جاری کئے گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں