فیصل آباد: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حلنکے لئے سرکٹ ہاؤسن میں ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنرطارق خان نیازی اور ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضانے عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی افسران کو داد رسی کی ہدایت کی۔ ایم پی اے خیال کاستروبھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کھلی کچہری کا انعقاد کرکے عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے درخواست گزاروں کے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل سنتے ہوئے موقع پر موجودافسران کو نہ صرف داد رسی بلکہ تعمیلی رپورٹ سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں محکموں کی کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر لوگوں کے مسائل سے آگاہی کے لئے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمدبھی جاری ہے۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ پولیس سے متعلقہ عوامی مسائل وشکایات کو میرٹ پالیسی کے تحت نپٹایا جارہا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے مسائل بلا جھجک پیش کریں جن کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ایم پی اے خیال کاسترو نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اسی مقصد کے لئے ہر جمعہ کو کھلی کچہری لگا کر لوگوں کے مسائل سننے کے ساتھ ان کے حل کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے لوکل گورنمنٹ،محکمہ ہیلتھ،میونسپل کارپوریشن،واسااوردیگر محکموں سے متعلقہ شکایات پیش کیں جن کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے۔