شہریوں کو درجہ حرارت چیک کرنے کے بعد پارک میں داخلہ کی اجازت دی جاتی ہے راولپنڈی : ڈی سی کی ہدایت پر کورونا وائرس سے بچائو کے انتظامات کے سلسلے میں علامہ اقبال پارک مری روڈ کے باہر ہاتھ دھونے کیلئے حمام اور صابن رکھا گیا ہے ، پارک میں داخل ہونے والے تمام شہریوں کا درجہ حرارت ڈیجیٹل تھرمامیٹر سے چیک کیا جاتا ہے اور داخلی گیٹ پر صابن سے ہاتھ دھوئے بغیر کسی کو پارک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ حمام کے پاس تعینات پی ایچ اے کے اہلکارنے بتایا کہ شہری عمومی طور پر ہاتھ دھونے میں تعاون کرتے ہیں اور کسی کو ہاتھ دھوئے بغیر پارک کی طرف جانے سے روک دیا جاتا ہے ۔ دریں اثنا مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب، چیئرمین پی ایچ اے راولپنڈی آصف محمود کی ہدایت پر کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے شہر کے مختلف پارکوں میں ہینڈ واش اور ٹمپریچر سکیننگ کی سہولیات فراہم کر دی گئیں۔ آصف محمود نے پارکوں میں کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔