ٹیلی فون پر موجود طبی عملہ نہ صرف کورونا وائرس کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرے گا بلکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں مناسب مشورہ بھی دے گا :وائس چانسلر ملتان : کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کی انتظامیہ نے مریضوں کی آسانی کیلئے ایک بڑا قدم اٹھا لیا، نشتر ہسپتال میں مریضوں کی سہولیات کیلئے ٹیلی میڈیسن کی سروسز کا آغاز کردیا گیا ۔ افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیور سٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے منڈلاتے ہوئے خطرات اور اس کے انسانی جانوں پر خطرناک اثرات سے بچاؤ کے لیے ٹیلی میڈیسن (طبی مشاورت کیلئے ٹیلی فونک سروسز) کی سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریض ہسپتال آنے کی بجائے دستیاب سہولیات سے فائدہ اٹھائیں ۔ اس حوالے سے انہوں نے مندرجہ ذیل فون نمبرز 061-4540210-061- 4540211-061 -4540212-061-45402 13-061-4540214-061-4540215جاری کرتے ہوئے بتایا ان فون نمبرز پر کال کر کے شہری 24گھنٹے فری طبی مشورے لے سکیں گے ، ٹیلیفون پر موجود طبی عملہ نہ صرف کورونا وائرس کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کرے گا بلکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں میں مناسب مشورہ بھی دے گا ۔ مزید برآں ٹیلی فون پر موجود عملہ مریضوں کو میڈیسن، سرجری، امراض اطفال، امراض نسواں اور آنکھوں کے امراض کیلئے سپیشلسٹ ڈاکٹروں سے مریضوں کی بات بھی کروائے گا ۔