تازہ ترین

کورونا سے نمٹنے کیلئے مختلف شہروں میں جراثیم کش اسپرے : تجارتی و کاروباری مراکز جزوی بند

کورونا-سے-نمٹنے-کیلئے-مختلف-شہروں-میں-جراثیم-کش-اسپرے-:-تجارتی-و-کاروباری-مراکز-جزوی-بند

ٹرانسپورٹ اور کاروبار نہ ہونے کے باعث شہریوں اور مزدوروں کو پریشانی ،پابندی کی خلاف ورزی پر 14تاجر گرفتارمختلف اداروں،تنظیموں اور مخیر حضرات کی جانب سے بیشتر مقامات پر خوراک ، سینی ٹائزر ،ماسک و دیگر اشیا کی تقسیم حیدرآباد،اندرون سندھ: کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے حیدرآباد سمیت اندرون سندھ مختلف شہروں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانیوالے خصوصی انتظامات میں تیزی آگئی ہے ،تجارتی و کاروباری مراکز کہیں مکمل اور کہیں جزوی طور پر بند رہے،ٹرانسپورٹ اور کاروبار نہ ہونے کے باعث شہریوں اور مزدوروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بدھو تالپورمیں پابندی کی خلاف ورزی پر 14تاجر گرفتار، مقدمات درج ۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں کورونا وائرس سے پھیلائو سے بچنے کے لئے حکومت کی اپیل پر اتوار کو بھی تمام کاروباری مراکز ، دکانیں اور بازار بند رہے ۔ حیدرآباد سے سندھ کے مختلف شہروں کیلئے چلائی جانیوالی بسیں ، ویگنیں اور دیگر ٹرانسپورٹ مکمل طورپر بند رہی جبکہ کھانوں کی اشیاکی دکانیں ، ڈیریز اور میڈیکل اسٹور کھلے رہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات کے تحت حیدرآباد میں چار روز سے مکمل طورپر کاروباری مراکز و تجارتی بازار مکمل بند ہیں جبکہ اتوار سے نجی فیکٹریوں ، ملوں اور صنعتی اداروں کی بھی چھٹی کرادی گئی ہے ۔ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو ہنگامی طورپر مختلف شہروں کو جانے کیلئے سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ چار روز سے کاروبار بند ہونے کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر کام کرکے کمانے والے مزدوروں اور غریب افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اُدھر مخیر حضرات کی جانب سے بیشتر مقامات پر خوراک ، سینی ٹائزر ،ماسک و دیگر اشیا مفت تقسیم کی جارہی ہیں۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے ممکنہ لاک ڈائون کی صورت میں حکومت کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے موثر کردار ادا کریں ۔ یہ ہدایت انہوں نے متعلقہ افسران سے شہباز ہال حیدرآباد میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔ انہوں نے حیدر آباد کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی مساجد سے کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی اعلان کرانے کیلئے تعلقوں کے مذہبی اور سماجی رہنمائوں سے اجلاس کریں ۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ممکنہ لاک ڈائون کی صورت میں عوامی خدمات کی فراہمی کے اداروں کے ساتھ ساتھ کریانہ اور میڈیکل اسٹورز پابندی سے مستثنیٰ ہونگے ۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ شہر میں پانچ لوگوں سے زیادہ لوگوں کے اکٹھے ہونے پر عائد پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے اجلاس میں فروٹ منڈی کی منتقلی سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر فراز احمد صدیقی سے آگاہی لی جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے انہیں بتایا کہ موجودہ سبزی منڈی سے فروٹ منڈی کو نیو سبزی منڈی کی جانب منتقل کیا گیا ہے جہاں تجارتی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی اورقاسم آبادکو اپنے اپنے تعلقوں میں ہیلتھ ایڈوائزری پر عملدر آمد کرانے کی ہدایت کی ۔ سکھر میں بچوتھے روز بھی جزوی لاک ڈائون رہا ،سکھر میں تمام وفاقی و صوبائی محکموں کے دفاتر ،مختلف کاروباری وتجارتی مراکز کے علاوہ ریسٹورانٹس اور ہوٹلز، بند رہے اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ کریانہ اسٹورز، مرغی، مچھلی، گوشت مارکیٹ، سبزی منڈی، میڈیکل اسٹورز کھلے رہے ۔ علاوہ ازیں سکھر میونسپل کارپوریشن کی یونین کمیٹی9 نیو گوٹھ سکھر میں یوسی چیئرمین عامر عمر بندھانی،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سکھر یار محمد جونیجو و دیگر نے کورونا وائرس سے بچائو کے لئے یوسی کے لوگوں میں ہاتھ دھونے کے صابن تقسیم کئے ۔ جامشورو میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو فرید الدین مصطفی اور ایم پی اے ملک اسد سکندر کے احکامات پر میونسپل کمیٹی کوٹری کے چیئرمین ارباب نور محمد شورو اور میونسپل کمیٹی بولہاڑی کے مختار جمالی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کوٹری کے لیاقت روڈ،پریس کلب روڈ،شاہی بازار، المدینہ چوک،ببر اسٹاپ،بھار کالونی اور خدا کی بستی میں اسپرے کروائے جبکہ کھلی ہوئی کچھ دکانوں کو بند کرواکر کوٹری شہر کو مکمل طرح سے لاک ڈاؤن کروا دیا ۔ روہڑی شہر کے مختلف علاقوں سنگرار ،صالح پٹ ،کندھرا اور علی واہن سمیت دیگر میں پرچون کی دکانوں ، سبزی فروشوں اور میڈیکل اسٹوروں پر عوام کا رش رہا، لاک ڈائون کے خوف کے باعث شہریوں نے مہینے بھر کا سامان خریدا جس کے باعث پرچون کی دکانوں پر آٹے ، چینی، گھی، آلو ،پیاز،لہسن اور ادرک وغیرہ سمیت دیگر اشیاء کا اسٹاک ختم ہو نے پر کئی دکانیں بند ہوگئیں۔ مختار کار روہڑی سید زاہد حسین شاہ نے گراں فروشی کی خبروں کا نوٹس لے کر شاہی بازار، مچھلی اورسبزی گوشت مارکیٹ کا دورہ کیا اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خورو نوش فروخت کرنے اور دکانوں پر زیادہ رش نہ لگانے کے احکامات جاری کئے ۔ کوٹری میں سندھ حکومت کے لاک ڈائون کے اعلان پر مختار کار کوٹری ابوبکر سدھایو نے پولیس کی نفری کے ہمراہ کوٹری کے مرکزی تجارتی علاقے لیاقت روڈ پر اچانک کارروائی کرتے ہوئے کریانہ سبزی فروٹ اور دیگر کھانے پینے کی دکانیں بند کراکر وزیر اعلیٰ کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ۔لوگ مکمل کاروبار بند ہونے کے اندیشے کے سبب کھلی دکانوں سے بڑی مقدار میں خریداری کرنے لگے اور انہوں نے وزیراعلیٰ سے نوٹس لیتے ہوئے فوری کریانہ اور سبزی کی دکانوں پر غیر اعلانیہ بندش کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ بدھو تالپور میں وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر دفعہ 144 کا عملی نفاذ کر دیا گیا۔ تمام مارکیٹس، ریسٹورانٹس اور بازار بند کرادیے گئے ۔ مارکیٹس بند کرنے کیلئے سجاول پولیس شہر میں نکل پڑی۔پابندی کے باوجود دکانیں بند نہ کرنیوالے 14تاجروں کو پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ دوسری جانب سجاول کی تنظیم شہری اتحاد کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر صاف پانی اور صابن کا بندوبست کیا گیا۔ سیہون شریف میں رکن قومی اسمبلی سکندر علی راہپوٹو کی صدارت میں کورونا وائرس سے نمٹنے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر معین الدین صدیقی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شوکت علی اجن سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سیہون میں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور انتظامات مزید بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ میہڑ سے نمائندے کے مطابق ڈپٹی کمشنر دادو اور اسسٹنٹ کمشنر میہڑ کے حکم پر میہڑ تحصیل کی یونین کونسل بلیدائی کے چیئرمین ریاض احمد کھوسو اور سیکریٹری سکندر سولنگی نے اپنے ملازمین،گاؤں کی معزز شخصیات اور کونسلروں کے ساتھ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے یونین کونسل میں آگاہی مہم شروع کردی اور کئی گاؤں میں غریب افراد میں صابن تقسیم کیے۔ وارہ تحصیل میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر جزوی لاک ڈائون رہا اور بازار ویرانے کا منظر پیش کرنے لگے ، لاک ڈائون کے سبب روزانہ کام کرنے والے مزدوروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ۔دوسری جانب سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے جاگرتا مہم جاری رکھی گئی۔ سماجی تنظیم شاہ لطیف فائونڈیشن وارہ کے رہنمائوں و کارکنان کی جانب سے ہینڈ واش مہم چلائی گئی جبکہ انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن وارہ کے رہنمائوں کی جانب سے مزدوروں کے لیے راشن باکسز کا اہتمام کیا گیا ۔جسقم اور جساف آریسر گروپ کے ضلعی رہنمائوں وکارکنان نے پمفلٹ و ماسک تقسیم کیے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں