ٹی ایچ کیو ہسپتال لالیاں میں آئسولیشن کاؤنٹراور چھ بیڈ پر مشتمل وارڈ تشکیل دیا گیا لالیاں: کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر چنیوٹ ریاض احمد نے لالیاں کے مختلف مقامات کے دور ے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایمرجنسی کے پیش نظر ضلع بھر میں میرج ہالز ،تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا ہے اجتماعات پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔اس سلسلے میں تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال لالیاں میں بھی آئسولیشن کاؤنٹراور چھ بیڈ پر مشتمل وارڈ تشکیل دیا گیا ہے اور وہ مریض جن میں وائرس کا شبہ پایا جاتا ہو انہیں یہاں زیر نگرانی رکھا جا سکے گا ۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر الطاف بھوانہ نے ڈی سی چنیوٹ کو ہسپتال میں کئے گئے حفاظتی انتظامات بارے بریفنگ دی بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے بوائز ڈگری کالج میں بنے قرنطینہ کیمپ اور میاں محمد صدیق لالی پارک کا دورہ بھی کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فضل عباس بھی ان کے ہمراہ تھے ۔