عمارت 160 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی جس میں 24فلیٹ ، 4 دکانیں قائم ہیں، تنگ گلیوں کے باعث آپریشن کرنے والی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا،کارروائی کے دوران دونوں جانب عقبی گلیوں کو سیل کردیا گیا کراچی : سپریم کورٹ کے احکامات پر کنٹونمنٹ بورڈکلفٹن نے دہلی کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی شروع کردی ۔ منگل کو ابتدائی طور پر ضلعی انتظامیہ اورکنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی جانب سے مشترکہ طورپر 160 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی جانے والی 12منزلہ عمارت کیخلاف کارروائی کا آغاز کیاگیا جس میں 24فلیٹ، 4 دکانیں قائم ہیں۔ تنگ گلیوں کے باعث آپریشن کرنے والی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے ، عمارت کے دونوں جانب عقب کی گلیوں کو سیل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عمارت کو توڑنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ 12 منزلہ عمارت کے دونوں جانب کوئی سپورٹ موجود نہیں ، عمارت کا ملبہ سامنے قائم رہائشی عمارت پر بھی گر رہا ہے۔ عمارت کو افرادی قوت کی مدد سے توڑا جارہا ہے ،کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق عمارت کو گرانے کی کارروائی میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کوئی تعاون نہیں کیا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 9 مئی 2019کو کلفٹن کی کچی آبادیوں میں غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے کا حکم دیا تھا، دہلی کالونی اور اطراف میں بڑی تعداد میں کثیرالمنزلہ غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں۔