کراچی: دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹسمین اور سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد مودی سرکار کے خلاف تلوار لے کرمیدان میں آگئے۔کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نکالی جانے والی ریلی میں شریک جاوید میاں داد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے الیکشن جیت کر مسلمانوں کو تلوار دکھائی تھی، میں آج مودی کو تلوار دکھاتا ہوں۔ جاوید میاں داد نے للکارتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے بلے کے ساتھ تلوار چلانا بھی جانتا ہوں، میرے پاس ایسی پچاس تلواریں ہیں،تلوار میرے پاس بچپن سے ہے ،ہر پاکستانی کے پاس تلوار ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے بلے سے چھکا مارا، اب تلوار چلے گی،بلا بھی تیز تھا، تلوار بھی تیز ہے، جاوید میاں داد نے کہا کہ کشمیری بھائیوں فکر نہ کرو، ہم تمہارے ساتھ ہیں،گھبراﺅنہیں، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، کشمیر پاکستان بن کر رہے گا، اس موقع پر پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم سیکریٹریٹ کے باہر مقبوضہ کشمیر کے باسیوں سے اظہار یکجہتی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیرکےلئے ایک اور مہم “کشمیر سے کرفیو اٹھا” شروع کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں،مقبوضہ وادی میں 4 ہفتے سے کرفیو ہے، یہ کیسی حکومت ہے جو انسانوں پر اتنا ظلم کررہی ہے۔بھارتی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے مظالم سمجھنے کےلئے آرایس ایس کا نظریہ سمجھنا ہوگا، جو مسلمانوں سے نفرت کی وجہ سے بنی،یہ تنظیم ہٹلر کی نازی پارٹی سے متاثر ہو کر بنائی گئی اور ان کا نظریہ آج بھارتپر قبضہ کربیٹھا ہے، یہ سمجھتے ہیں مسلمانوں کو سبق سکھانا چاہیے وہ ہمارے برابر نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے مقبوضہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے، کشمیری مسلمان نہ ہوتے توآج پوری دنیا کشمیر کےساتھ ہوتی، افسوس ہے جب بھی مسلمانوں پر ظلم ہوتو عالمی برادری خاموش رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی اپنا آخری پتا کھیل چکا ہے، اس کے بعد اب کشمیر آزاد ہو گا اور اس کےلئے ہر طرح سے تیار ہیں۔عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر کی قیادت کو کشمیری مظالم سے آگاہ کیا ہے، عالمی رہنماﺅں کو بتایا بھارتی مظالم کےخلاف نہ کھڑے ہوئے تو اثر پوری دنیا پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو آگاہ کررہے ہیں کہ بھارت آزاد کشمیر میں کچھ نہ کچھ کرے گا، جب دوایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہوں گی توپوری دنیا کواس کا نقصان ہوگا۔