پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ چند ماہ مزید کرکٹ نہ ہوئی تو تمام کرکٹ بورڈز دیوالیہ ہو جائیں گے۔ عاقب جاوید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرکٹ کی شروعات حفاظتی تدابیر اختیار کر کے آسانی سے کی جاسکتی ہے۔انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تجویز دی کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ کرائیں اور انہیں ایک جگہ رکھیں۔ عاقب جاوید نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو فیملی کی طرح رکھیں، کسی کو ملنے نہ دیں،جبکہ بیرون ملک انگلینڈ یا کسی بھی دوسرے ملک روانگی سے قبل ایک مرتبہ پھر ان کے ٹیسٹ کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اور دیگر اسٹاف انگلینڈ پہنچ کر بھی قرنطینہ میں رہیں اور اس کے بعد ٹیسٹ میچ کی سرگرمیاں شروع کریں۔ عاقب جاوید نے مزید کہا کہ میچز سے قبل گراؤنڈ اسٹاف اور دیگر متعلقہ لوگوں کے ٹیسٹ لیے جائیں، جبکہ 30ہزار تماشائیوں والے اسٹیڈیم میں 5 ہزار تماشائیوں کو آنے کی اجازت دی جائے۔